ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / یشونت پور۔ کاروار ٹرین کو رد کرنے سے عدالتی حکم کی خلاف ورزی ہونے کا الزام

یشونت پور۔ کاروار ٹرین کو رد کرنے سے عدالتی حکم کی خلاف ورزی ہونے کا الزام

Mon, 09 Mar 2020 19:36:53    S.O. News Service

کاروار:10؍مارچ (ایس اؤ نیوز) ویسے تو بنگلور کے یشونت پور سے بھٹکل اور کاروار ہوتے ہوئے واسکو (گوا) جانے والی   ٹرین  کی شروعات ہوچکی ہے اور کرناٹک کے وزیراعلیٰ یڈی یورپا کے ہاتھوں اس ٹرین کا افتتاح بھی ہوچکا ہے جس کے بعد ہوناور، کمٹہ اور کاروار ریلوے اسٹیشنوں پر اس ٹرین کا شاندار استقبال بھی کیا گیا ہے اور پورے ساحلی علاقہ بالخصوص اُترکنڑا کے عوام راحت محسوس کررہے ہیں، مگر اس سے پہلے والی  بنگلور یشونت پور۔ کاروار/کننور ٹرین کو رد کئے جانے پر  محکمہ ریلوے پر   توہین عدالت کا الزام لگایاجارہاہے۔

ہائی کورٹ کے عدالتی حکم سے جاری کردہ یشونت پور ۔ کاروار/کنور ٹرین کو رد کرتےہوئے محکمہ ریلوے پر توہین عدالت کا الزام لگایاجارہاہے۔

ذرائع کی مانیں تو سال 2012کے ریلوے بجٹ میں مرکزی ریلوے وزیر نے یشونت پور۔ کاروار نئی ٹرین کا اعلان کیا تھا تو ساحلی عوام نے اس کا پرتپاک استقبال کیا تھا۔ لیکن وہ ٹرین کاروار ہی پہنچ  نہیں پائی تھی۔ بجٹ اعلان کے مطابق محکمہ ریلوے نے یشونت پور اور کاروار کے درمیان ٹرین شروع تو کی تھی، لیکن منگلورو سے ٹرین کا رخ کیرلا کے کنور کی طرف موڑ دیا گیا تھا۔ اُس وقت کیرلا سے تعلق رکھنے والے مرکزی ریلوے وزیر  نے اپنے اثر و رسوخ   کا استعمال کرتے ہوئے ٹرین کا رخ کنور کی طرف موڑنے کا الزام لگایاگیا تھا۔

اُس وقت کاروار کے زیورات بیوپاری سنجئے ریونکر نے ہائی کورٹ میں مفاد عامہ کی عرضی لگاتے ہوئے مطالبہ کیا تھا کہ ریلوے محکمہ کے دستاویزات کے مطابق ٹرین کاروار تک چلائی جائے۔اس سلسلےمیں   سنجئے کو ایک طویل قانونی لڑائی لڑنی پڑی تھی۔ لیکن محکمہ ریلوے نہیں چاہتا تھا کہ ٹرین کاروار تک چلے۔ ہائی کورٹ نے محکمہ ریلوے کو حکم دیا کہ یشونت پور سے نکلنے والی ٹرین کاروار تک چلنا ضروری ہے۔ ساتھ ہی ہائی کورٹ نے محکمہ سے  یشونت پور۔ کنور ٹرین منگلورو جنکشن پہنچنے کے بعد تقسیم کرتےہوئے کاروار کے لئے زائد بوگیاں جوڑنے کا بھی حکم دیا تھا۔ ہائی کورٹ کے تفصیلی حکم نامے کے بعد ٹرین کاروار کی طرف چلنے لگی۔ اس کے بعد سنجئے ریونکر نے پھر ایک مرتبہ مفاد عامہ کی عرضی داخل کرتے ہوئے مطالبہ کیا تھا کہ یشونت پور ۔ کاروار ٹرین ہفتہ میں چار دن کنیگل سے اور تین دن میسور سے ہوتے ہوئے بنگلورو پہنچے ۔ جس پر عدالت نے حامی بھرتے ہوئے مہر لگائی تھی ۔

نئی ٹرین یشونت پور۔ واسکو ڈی گاما کے متعلق سنجئے ریونکر کا کہنا ہے کہ جو نئی ٹرین یشونت پور۔ واسکو ڈی گاما (گوا)   تک شروع کی گئی ہے وہ ہائی کورٹ حکم سے جاری کی گئی یشونت پور۔ کاروار ٹرین کے متبادل نہیں ہے۔ محکمہ ریلوے ساحلی عوام سے ناانصافی کررہاہے۔ سنجئے نے کہاکہ ریلوے محکمہ کی طرف سے جمعہ کو جاری کئے گئے سرکلر میں کاروار ۔ یشونت پور 16523/16524 اور16513/16514ٹرینوں کو رد کئے جانے کا اعلان کیا ہے۔ اور اس  فیصلے سے ہمیں دکھ پہنچاہے۔ ان کے مطابق  متعلقہ ٹرین رد کئے جانے سے عدالتی حکم کی خلاف ورزی ہوتی ہے۔ اس سلسلے میں قانون کے ماہرین سے گفتگو کرنے کے بعد اگلی کارروائی کی جائے گی۔ اور کہاکہ میں ابھی  ایک ہفتہ تک  انتظار کرونگا، اگر محکمہ  ریلوے  نے جمعہ تک اپنا آرڈر واپس نہیں لیا تو ہائی کورٹ   کے حکم عدولی کئے جانے والے  ریلوے افسران کے خلاف قانونی کارروائی کے لئے ہائی کورٹ میں عرضی داخل کی جائے گی ۔

محکمہ ریلوے کا حکم : یشونت پور ۔ کاروار /کنور تک چلنے والی ٹرین کو 7مارچ سے زائد بوگیاں جوڑی گئی ہیں۔ کاروار کی طرف جانے والی ٹرین کو 14اور کنور علاقے کے لئے 10زائد بوگیاں اور 8مار چ سے منگلورو علاقے کو 15زائد بوگیاں منسلک کرنے کا طئے کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ یشونت پور۔ کاروار ایکسپرس 16595/23ٹرین 14جون تک اپنے متعینہ اوقات کے مطابق چلے گی ۔ 15جون کے بعد نئی یشونت پور۔ کاروار۔ واسکو ڈی گاما ایکسپرس 16595ٹرین کے ساتھ ضم کی جائے گی۔ اس کے بعد صرف یشونت پور  ۔ کاروار ایکسپرس ٹرین روزانہ چلنے کی زونل ریلوے دفتر کی طرف سے جاری کردہ پریس ریلیز میں جانکاری دی گئی ہے۔


Share: